کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل کی مداخلت پر ویزے کے حوالے سے بھارت نے پسپائی اختیار کرلی، عالمی تنظیم کے نوٹس لینے پر بھارت نےٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے مختلف ٹیموں میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنا شروع کردئیے، پاکستانی بیک گراؤنڈ رکھنے والے 42 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بھارتی ویزے لگنا شروع ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تین انگلش کرکٹرز عادل رشید، ریحان احمد اور ثاقب محمود کو بھارتی ویزے جاری کردئیے گئے ہیں۔ آئی سی سی کا کہنا تھا کہ بھارتی ویزوں کے معاملے پر ان تمام42 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر نظر رکھے ہوئے ہیں جن کو ورلڈ کپ کے لیے بھارت کاسفر کرنا ہے۔ انگلش کرکٹرز کے ویزوں کے بعد دوسری ٹیموں میں شامل پاکستان سے تعلق رکھنے والےکھلاڑیوں اور آفیشلز کوجلد بھارتی ویزے ملنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم نے اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلنے کا فیصلہ کر رکھا ہے، جبکہ بنگلہ دیش نے بھی بھارت میں میچز کھیلنے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں، جس سے ایونٹ کے انتظامی چیلنجز مزید بڑھ گئے ہیں۔