کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کی تمام تیاریاں رکوا کر عالمی سطح پر نئی ہلچل پیدا کردی۔ اس سے قبل بنگلا دیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، پی سی بی ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ چیف محسن نقوی نے ٹیم مینجمنٹ کو کہہ دیا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل سے بعد میں آگاہ کیا جائے گا، ٹیم مینجمنٹ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر متوازی پلان بھی مانگا ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش بورڈ کے رابطے پر پاکستان نے بنگلا دیش کے سکیورٹی کے تحفظات کو معقول اور درست قرار دے کر مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلہ پر غور کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ادھر کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی شرکت سے انکار پر آئی سی سی نے عالمی رینکنگ کی بنیاد پر متبادل ٹیم اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ ساتھ ہی بنگلہ دیش کو حتمی فیصلہ کرنے کیلئے 21جنوری کی ڈیڈلائن دیدی ہے ۔ آئی سی سی نے ڈھاکا میں مذاکرات میں بی سی بی کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔ دریں اثنا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے پیر کو ڈھاکہ میں میڈیا سے بات چیت میں ان رپورٹس کو مسترد کر دیا کہ آئی سی سی نے ٹی میگا ایونٹ میں شرکت کا فیصلہ سے متعلق 21 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا ایک نمائندہ آیا اور ہمارے کرکٹ بورڈ کے نمائندوں نے ان کے ساتھ میٹنگ کی، ہم نے انہیں بھارت میں کھیلنے میں ہچکچاہٹ کے بارے میں آگاہ کیا اور متبادل مقام کی درخواست کی ، مذاکرات میں کسی مخصوص تاریخ کا ذکر نہیں کیا ہے ۔ صرف اتنا بتایا کہ وہ ہمیں بتائیں گے کہ اگلی بات چیت کب ہوگی۔ علاوہ ازیں غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی باڈی نے بنگلہ دیش سے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز بھارت میں کھیلنے پر رضامند ہو جائے ورنہ ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔