کراچی (بابر علی اعوان) کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر قائم گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی کے سانحے کے بعد ملک کے نمایاں فلاحی ادارے،الخدمت، عالمگیر، سیلانی، جے ڈی سی، ایدھی اور چھیپا سمیت فلاحی ادارے متحرک، راشن، علاج، تعلیم اور یتیم بچوں کی کفالت کا اعلان۔ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ریسکیو، طبی امداد، راشن اور بحالی کے اقدامات جاری ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سی ای او نوید علی بیگ نے سانحے کے نتیجے میں یتیم ہونے والے تمام بچوں کی مکمل کفالت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد سے الخدمت کی ریسکیو ٹیمیں گل پلازہ پر موجود رہیں، سرچ اینڈ ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے، جبکہ الخدمت کی موبائل واٹر وین کے ذریعے متاثرین اور ریسکیو اہلکاروں کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ افراد کے لیے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔