کراچی(سید محمد عسکری، اسٹاف رپورٹر ) سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی چھ سوختہ لاشوں کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے جامعہ کراچی کی سندھ فرانزک ڈی این اے سیرالوجی لیب میں موصول ہوئے ہیں۔ جبکہ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کا کہناہے ہمارے پاس گل پلازہ سے ڈیڈ باڈیز لائی جارہی ہیں جن کے نمونے ہم حاصل کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے مطابق لاشوں کی شناخت کیلئے متاثرہ خاندانوں سے 10 ریفرینس نمونے بھی موصول ہوئے ہیں۔ سو ختہ لاشوں کے نمونے بری حالت میں ہیں جس کی وجہ ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج کے وقت کا تعین کیا جانا مشکل ہے۔دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق نے بتایا کہ ہمارے پاس گل پلازہ سے ڈیڈ باڈیز لائی جارہی ہیں جن کے نمونے ہم حاصل کررہے ہیں۔پولیس سرجن نے بتایا کہ جنکے پیارے لاپتا ہیں وہ ڈی این اے کیلئے اپنے نمونے دینے سول اسپتال آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنکے پیارے اب تک مسنگ ہیں ان کے والدین اور بچے سول اسپتال کے مردہ خانے کے باہر آ کر اپنا ڈیٹا بلڈ سیمپل وغیرہ جمع کروائیں۔ ہم یہاں پوسٹ مارٹم بھی کر رہے ہیں، اسکے بعد پوسٹ مارٹم سے لیے ہوئے سیمپلز اور لواحقین کیلئے گئے سیمپل ہم آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی بھجوائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ڈی این اے کے عمل میں وقت لگتا ہے۔ ہماری متاثرین سے صبر و تحمل کی اپیل ہے۔