اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) متحدہ عرب امارات میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں، رابعہ نسیم فاروقی کے سوال پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں تحر یری جواب میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت 3 ہزار 523 پاکستانی شہری قید ہیں ، 1050 پاکستانی شہری ابو ظہبی کی مختلف جیلوں اور بحالی مراکز میں قید ہیں۔ نومبر 2025تک 769پاکستانی قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کی گئی ، پاکستانی قیدیوں کے لیے معافی کی درخواستیں باقاعدگی سے میزبان حکومت کو ارسال کی جاتی ہیں، سفارت خانہ اور قونصل خانہ ملز مان کو قانونی معاونت فراہم کرتا ہے، 2025 کے دوران ابو ظہبی حکومت کو 350 معافی کی درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔