اسلام آباد( نیو زرپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سمیت مختلف شعبوں میں چین کی ترقی کو مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرکے سالوں میں نہیں مہینوں میں کمال کر سکتا ہے،نوجوان ہمارا مستقبل اور آنے والے کل کی امید ہیں، چین پاکستان کا آزمودہ دوست اور ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے، پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، سی پیک ٹوکو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالیں گے، چین سے جدید زراعت کی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس زرعی معیشت کی تقدیر بدل سکتے ہیں،زراعت میں وسیع مواقع موجو ہیں ، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر پیداوار بڑھانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاک چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین، جام کمال، اویس لغاری، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ سمیت وفاقی وزراء، وزراء مملکت، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے زراعت کو پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کچھ کامیابیاں حاصل کیں ہیں، بہت کرنا باقی ہے، سائنسدانوں اور زرعی ماہرین کو پانی کے بہترین استعمال، کاشتکاری کے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور ویلیو چین، کولڈ چین اور ویلیو ایڈیشن کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے چینی سفیر کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرعی تکنیک، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں چین کی ترقی بے مثال ہے۔