کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام عوامی املاک اور بلند عمارتوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مؤثر انتظامات ناگزیر ہیں۔ ماضی میں بھی حکومت سندھ نے تاجر برادری کا ساتھ دیا اور آج بھی حکومت مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کرے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ نقصانات کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ایک بیان میںشرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریسکیو گل پلازہ کو آگ لگنے کے وقعے کے بعد ریسکیو کا کام اور امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں اور صوبائی انتظامیہ کا پورا نظام ہمہ وقت مصروف عمل رہا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لئے کمشنر کراچی کو مکمل اختیارات دے دیئے ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ آگ کس وجہ سے لگی اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مسلسل موقع پر موجود رہیں اور ریسکیو آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔