کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ فائر سیفٹی سے متعلق اقدامات ہماری ذمہ داری ہے۔ چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ فائر سیفٹی سسٹم کا نظام ایک مسلسل پراسیس ہے جسے سالہا سال چلنا چاہئے۔ گل پلازہ کراچی سے نمائندہ جیو کاشف مشتاق نے کہا کہ 85 افراد کی فہرست بنا دی گئی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گل پلازہ کا واقعہ حکومت اور عمارتوں کے مکینوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔ ان معاملات پر آباد کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ کوشش کر رہے ہیں کہ شفاف انکوائری ہو اور اصل بات سامنے آجائے۔ فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹ وزیراعلیٰ کو کل ہی ملی جس پر وہ برہم ہوئے اس کی انکوائری ہو رہی ہے کہ رپورٹ وزیراعلیٰ تک کیوں نہیں پہنچائی گئی ہماری ذمہ داری ہے کہ فائر سیفٹی سے متعلق اقدامات کریں۔ پیسے لے کر غلط کام نہ ہو اس کی خود نگرانی کروں گا اور متعلقہ نمائندے بھی ہوں گے۔ کراچی میں کام کیا ہے مگر مزید کام کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ آگ لگنے کے دس پندرہ منٹ کے اندر فائر بریگیڈ پہنچ گئی تھی۔ بہت افسوسناک واقعہ ہے اور ہم سب اس پر غمزدہ ہیں ۔ آباد کو بھی خط لکھا گیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے جتنی بھی بلڈنگز ہیں وہاں فائر الارم فوری طور پر لگانے کا کہا ہے اور دیگر ایکوپمنٹ کو بھی یقینی بنایا جائے اس پر ضرور عمل کرایا جائے گا اب تک اس پر عمل نہیں ہوا یقینا ہماری کوتاہیاں ہیں۔ چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ میں ان لوگوں کے لئے دعا گو ہوں جو ابھی تک لاپتہ ہیں اور جن لوگوں نے اپنی جانیں گنوائیں اللّٰہ ان کے درجات بلند کرے۔