• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، ICC کا الٹی میٹم، بھارت نہ گئے تو بنگلہ دیش باہر، خدشات، میچز منتقلی کی درخواست مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کی سیکورٹی خدشات پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے اور میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ انکار پر دوسری ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ بی سی بی کو الٹی میٹم دیا گیا ہے کہ میچز بھارت میں ہی ہونگے، شرکت سے متعلق جمعرات تک حتمی جواب دیا جائے، آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ بنگلادیش ٹیم کو بھارت میں کوئی خطرہ لاحق نہیں ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول برقرار رہے گا۔ بنگلہ دیشی میڈیا نے آئی سی سی کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے آئی سی سی پر بھارتی غلبے کی عکاسی قرار دیا ہے۔ اس دوران پاکستان نے بنگلہ دیش کے میچز اپنے ملک میں کرانےکی پیشکش کی ہے۔ ورلڈکپ تنازع پر عالمی تنطیم کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ سے چند روز قبل کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں، جبکہ میچز کی منتقلی سے آئندہ ایونٹس کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس طرح کی تبدیلی گورننگ باڈی کی غیر جانبداری پر بھی سوال اٹھا سکتی ہے۔ بی سی بی سے متعدد رابطے کیے اور تفصیلی سکیورٹی پلان سے آگاہ کیا گیا۔ تاہم بنگلادیش نے اپنی شرکت کو غیر متعلقہ اور غیر ضروری معاملات سے جوڑے رکھا ۔ آئی سی سی کے مطابق وینیو اور شیڈول سے متعلق فیصلے سکیورٹی جائزے کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں اور میزبان ملک کی سکیورٹی گارنٹی کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ بھارت میں بنگلادیشی کھلاڑیوں، میڈیا افراد، حکام اور مداحوں کیلئے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بدھ کو بنگلادیش کے معاملے پر آئی سی سی بورڈ ممبرز کا اجلاس ہوا جس میں ووٹنگ پر ورلڈکپ میں نئی ٹیم کی شمولیت کا فیصلہ ہوا۔ دوسری جانب یہ اطلاعات ہیں کہ پی سی بی نے بنگلہ دیش کو ایونٹ میں شامل رکھنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے میچز پاکستان میں کرانے کو تیار ہیں، یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کےموقف پر پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں بنگلادیش کی حمایت کی ۔ البتہ پی سی بی حلقوں نے خط لکھنے کی خبروں میں صداقت سے انکار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اصولوں کی بنیاد پر بنگلہ دیش کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید