کراچی (ٹی وی رپورٹ)ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا ہے کہ یورپی ممالک پرزیادہ دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر کراچی جنوبی جاوید نبی کھوسہ نے کہا کہ جو نئی بلڈنگ تعمیر ہو رہی ہیں ہم نے کے ایم سی کوآن بورڈ لے کر ایکشن شروع کر دیا ہے۔نمائندہ جیو نیوز راحیل سلطان نے کہا کہ بلڈنگ گرنے کے قریب ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا کہ یہ پریکٹیکل حل ہے ورنہ اتنے ممالک اس میں شامل نہیں ہوتے البتہ یورپی ممالک کی اپنی اندرونی سیاست ہے جس کے تحت انہیں چلنا ہے اس پر زیادہ دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہے اگر یہ بورڈ آف پیس کا معاملہ خراب ہوجاتا ہے تو غزہ کا معاملہ پھر خراب ہوجائے گا یہ ایک ہی حل ہے جو ٹیبل پر موجود ہے۔پاکستان کو بھی اپنے مفادات کے تحت دیکھنا پڑتاہے اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ گزشتہ چالیس پچاس سالوں میں امریکہ نے دو اسٹیٹ کی کوشش کی معاملہ آگے نہیں بڑھا۔