لاہور (اپنے نامہ نگار سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے۔ مشکل کی ہر گھڑی میں اوورسیز پاکستانیوں نے وطن عزیز کا ساتھ دیا۔ سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو شکست دے کر پاکستانیوں کا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ یورپ کے دوران برطانیہ میں گلاسکو کے قونصلیٹ سمیت مختلف تقریبات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برطانیہ پہنچنے پر اوورسیز پاکستانی، پاکستانی قونصل جنرل ثمر جاوید اور چوہدری اسلم سمیت کاروباری شخصیات نے گورنر پنجاب کا بھر پور استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔