راولپنڈی( خبر نگار خصوصی)انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ کے عہدیداران کے وفد نے گزشتہ روز سینئر تاجر رہنماء زاہد بختاوری سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے زاہد بختاوری کو راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی اسیسمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،وفد کی قیادت انجمن تاجران کے گروپ لیڈر شیخ محمد حفیظ‘ صدر مرزا منیر بیگ اور جنرل سیکرٹری ظفر قادری نے کی۔ زاہد بختاوری سے ملاقات میں تاجروں نے اپنے تحفظات، مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں، وفد نے زاہد بختاوری کو یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، اس موقع پر زاہد بختاوری نے کہا کہ تاجر برداری مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے،ٹیکس اسیسمینٹ اور سیلنگ کے حوالے سے پالیسی وضع کرکے پیش کریں اور وہ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے امید ظاہر کی کہ زاہد بختاوری اپنے تدبر اور بصیرت سے ناصرف تاجروں کے مسائل حل کرینگے بلکہ راولپنڈی کینٹ بورڈ کی ساکھ کو بہتر بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے، ملاقات کے اختتام پر تمام شرکاء نے زاہد بختاوری کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ زاہد بختاوری کی جانب سے تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے کینٹ بورڈ راولپنڈی کے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔