اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)پاکستان نے ایران اور امارات کے ساتھ اقتصادی ،سفارتی و تجارتی روابط مزید مضبوظ بنانے پر اتفاق کیاہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو جبکہ اماراتی حکومتی رہنما سے ملاقات ہوئی جس میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کیساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور عالمی سطح پر جاری اہم پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران سے متعلق قرارداد پر پاکستان کے اصولی مؤقف، ووٹنگ کے مطالبے اور قرارداد کیخلاف ووٹ دینے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے گہری قدردانی اور تشکر کا اظہار بھی کیا۔علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکومتی و کاروباری رہنما، جاسم محمد بو عطابہ الزعابی سے ملاقات کی،جو ابوظبی ڈیپارٹمنٹ آف فنانس کے چیئرمین، سپریم کونسل برائے مالی و اقتصادی امور کے سیکرٹری جنرل، اتصالات (e&) کے چیئرمین اور ابوظبی ہولڈنگ کمپنی (ADQ) کے وائس چیئرمین ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو دوطرفہ شراکت داری کی مضبوط بنیاد قرار دیا گیا۔ اس موقع پر فریقین نے پاک یو اے ای تجارت اور اقتصادی تعاون کا جائزہ بھی لیا۔ ملاقات میں پاکستان میں یو اے ای کی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر غور کیا اور اتصالات (e&) کی پاکستان میں جاری سرمایہ کاری، بالخصوص پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) میں اس کے شیئرز کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔