کراچی (نیوز ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی ایئرلائنز نے مشرقِ وسطیٰ میں متعدد پروازیں منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل کر دی ہیں۔ یورپی یونین کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے بھی ایئرلائنز کو ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کی سفارش کی ہے، جس کے تحت کے ایل ایم نے ایران، عراق، اسرائیل اور خلیجی ممالک کی فضائی حدود سے گریز کا فیصلہ کیا، ایئر فرانس نے دبئی کی پرواز عارضی معطلی کے بعد بحال کی، لفتھانسا نے ایرانی و عراقی فضائی حدود سے پروازیں روک دیں، برٹش ایئرویز نے بحرین کی پروازیں وقتی طور پر معطل کر کے بعد میں بحال کیں، فن ایئر نے عراق کی فضائی حدود چھوڑ کر سعودی عرب کے راستے اختیار کیے جبکہ وز ایئر نے ایران اور عراق سے بچتے ہوئے بعض طویل پروازوں کے لیے قبرص اور یونان میں تکنیکی اسٹاپس شامل کر دیے ہیں۔