راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)جمعیت علماء اسلام ضلع راولپنڈی کی جنرل کونسل کا اجلاس حافظ ڈاکٹر ضیاءالرحمن کی زیرِ صدارت راولپنڈی میں ہوا۔ اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی تمام تحصیلوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس کا ایجنڈا ارشد عباسی نے پیش کیا۔ اجلاس کے دوران تمام تحصیلوں کی جانب سے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔ اجلاس میں 8 فروری کو جمعیت علماء اسلام ضلع راولپنڈی کے زیرِ اہتمام یوتھ شمولیتی کنونشن کی دعوتی مہم اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 8 فروری کو راولپنڈی میں عوام کی بہت بڑی شمولیت متوقع ہے۔یوتھ کنونشن سے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔ ترجمان جے یو آئی ضلع راولپنڈی حافظ ضیاءاللہ نے کہا کہ اجلاس میں ضلع بھر سے شریک علماء نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ 25 ہزار روپے کے وظیفے کو مسترد کرنے کا اعلان بھی کیا۔اجلاس میں تحصیل میٹروپولیٹن سے مفتی مسرت اقبال عباسی اور حافظ ضیاءاللہ، پھٹوار ٹاؤن سے مولانا گل عظیم شاہ اور مولانا ہاشم، ٹیکسلا سے ملک سفیر عالم اور اقبال اعوان، گوجرخان سے مولانا ریاض عثمانی اور خالد مبین، کلر سیداں سے مولانا احسان اللہ چکیالوی اور مولانا یوسف، جبکہ کہوٹہ سے مولانا عبدالشکور حمادی نے شرکت کی۔