اسلام آباد(ساجد چوہدری ) کامسٹس یونیورسٹی کی فیکلٹی ، افسران اور ملازمین کی ترقیوں و تقرریوں کیلئے سلیکشن بورڈ کے چالیسویں اجلاس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ، شیڈول کے مطابق سلیکشن بورڈ کا اجلاس 3تا 26فروری کو ہو گا، اجلاس اسلام آباد کیمپس میں ہو گا جس میں طویل عرصے سے التواء کا شکار ترقیوں اور تقرریوں کے کیسز زیر غور آئیں گے ، اجلاس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز میں مشتہر کردہ تدریسی اور غیر تدریسی آسامیوں کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز اور سفارشات تیار کی جائیں گی، اس کے علاوہ ٹینور ٹریک سسٹم ) کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی ترقی کے کیسز اور غیر تدریسی عملے کی ترقی کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے، ذرائع کے مطابق کورٹ آف لاء اور کامسٹس یونیورسٹی کی سینٹ کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے بعض کیسز بھی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔