اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد ) ایف پی سی سی آئی کے مسلسل تیسرے سال کے منتخب صدر عاطف اکرام شیخ اور بزنس مین پینل پروگریسیو (بی ایم پی پی) کے چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے مہنگائی کی بنا پر پالیسی ریٹ 10 سے کم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے،مہنگی بجلی نے انڈسٹری کی کمر توڑ دی، برآمدات بچانے کیلئے لاگت کم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آ چکی ہے اور یہ پہلے ہی توقع کی جا رہی تھی کہ انفلیشن ریٹ سنگل ڈیجٹ میں آ جائے گا لہٰذا اب حکومت کو چاہیے کہ اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو فوری ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کاروبار کرنے کی لاگت انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے صنعت و تجارت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔