• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گل پلازہ 9 روز بعد بھی سرچ آپریشن مکمل نہیں ہوسکا، جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم اے جناح روڈ گل پلازہ میں آتشزدگی سے تباہ ہونے والے عمارت میں ریسکیو اور ریسرچ اینڈ سرچ آپریشن واقعے کے نویں روز بھی جاری رہا ۔ سانحہ گل پلازہ میں ناقابل شناخت ایک اور میت کی ڈی این اے کے ذریعہ شناخت کرلی گئی۔سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری کی جانب سے ڈی این اے رپورٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ، انچارج شناخت پراجیکٹ عامر حسن کے مطابق ناقابل شناخت لاش کی شناخت عبدالحسیب ولد عبدالوحید کے نام سے کی گئی ، آپریشن ٹیم کو ملبے تلے دبی مذید 2 افراد کی باقیات بھی ملی ہیں ، گل پلازہ سانحے میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی ، گل پلازہ سانحے میں 21 ناقابل شناخت لاشیں ملی تھی ، اس سے قبل 15 میتوں کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت کی گئی تھی ، اب ڈی این اے کے ذریعے شناخت کی جانے والی میتوں کی تعداد 16 ہو گئی ۔ علاوہ ازیں اربن ریسرچ اینڈ سرچ اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے سرچنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد اتوار کو عمارت کے عقبی طرف بچی ہوئی عمارت کو خطرناک قرار دیتے ہوئے عمارت کے باہر ایکس اور ایچ کے نشانات لگا دیے گئے۔ حکام کے مطابق آخری سرچنگ کے دوران ملبہ اٹھانے کا کام روک دیا گیا تھا کیونکہ مشینیں چلنے سے بوسیدہ عمارت لرزتی ہے اور اندر کی دیواروں سے پتھر اور ریت جھڑنے لگتے ہیں لہٰذا بقیہ عمارت کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے ۔ گل پلازہ کی عمارت کی تحقیقات کے لیے آئی ٹیکنیکل و فارنزک ٹیم نے گل پلازہ کے اندر مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر این ای ڈی کی انجینئرنگ ٹیم بھی انکے ہمراہ موجود رہی۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے اتوار کی صبح میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریکوری اور سرچ آپریشن اتوار کو مکمل کرلینگے ۔ گل پلازہ میں عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری رہے گا۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھی عمارت کے ملبے سے انسانی باقیات ملی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، سانحے کی تحقیقات جاری ہیں، 23 جنوری کی شب نبی بخش تھانے میں گل پلازہ میں آگ لگنے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا تھا، تحقیقات جلد نتیجہ خیز ہونے کی امید ہے جسکے بعد قانونی کارروائی شروع کی جائیگی، گل پلازہ آتشزدگی معمولی واقعہ نہیں ہے جس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، تفتیش میں جب تک کوئی چیز سامنے نہیں آتی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید