مینگورہ /تیراہ(نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔سوات میں وادی کالام میں برفباری کے بعد سڑکوں کی بندش برقرار ہے۔دوسری جانب وادی تیراہ میں مسلسل اور شدید برف باری کے باعث تیراہ میں حالات زندگی شدید متاثر ہیں۔ پاک فوج کا مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن کئی روز سے بلا تعطل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 27 جنوری تک دونوں صوبوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے۔ حکام نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سوات میں وادی کالام کے علاقے میں تین روز گزرنے کے باوجود اہم شاہراہیں مکمل طور پر بحال نہ ہو سکیں۔