• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ مسئلہ کشمیر بھی بورڈ آف پیس میں لاسکتے ہیں، بھارت خوفزدہ، برطانوی میڈیا

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کو یہ خوف لاحق ہے کہ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کو بھی بورڈ آف پیس میں لاسکتے ہیں۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں تعمیر نو کےلئے بورڈ آف پیس میں بھارت کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ کئی روز گزرنے کے بعد بھی بھارت نے اس دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اب تک یہ واضح نہیں کہ بھارت اس دعوت کو قبول کرےگایا نہیں۔ غزہ بورڈ آف پیس کا مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کو قائم کرنا اور غزہ کی تعمیر نو کے دوران عبوری حکومت کی نگرانی کرنا ہے۔ ٹرمپ کے مجوزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان،ترکیہ،سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات نے شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس مجوزہ بورڈ کی دستاویز پر 59 ممالک نے دستخط کئے ہیں۔ ڈیووس میں ہونے والی تقریب میں 19 ممالک کی نمائندگی تھی۔ برٹش میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیووس کے اجلاس میں بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن وہ اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کے غزہ پیس بورڈ میں شامل ہونے یا نہ ہونے کے فیصلے سے مغربی ایشیا میں استحکام اور امریکا کے ساتھ بھارت کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ بھارت کو خدشہ یہ ہے کہ کل کو ٹرمپ مسئلہ کشمیر کو بھی بورڈ میں لاسکتے ہیں۔برطانوی میڈیا کی اس رپورٹ میں بھارت کے ایک سابق سفیر اکبر الدین کا بھی حوالہ دیا گیا اور بتایا گیا کہ سابق سفیر اکبر الدین کے مطابق بھارت کو بورڈ آف پیس میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید