باڑہ (نمائندہ جنگ)وادئ تیراہ میں امن و امان کی سنگین صورتحال اور متاثرین کی نقل مکانی کے پیش نظر سابق وفاقی وزیر حمیداللہ جان آفریدی کی سربراہی میں تمام آفریدی اقوام اور سیاسی جماعتوں کا ایک نمائندہ جرگہ ہوا، جس میں تیراہ آپریشن، متاثرین کی رجسٹریشن، واپسی اور معاوضے سے متعلق متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جرگہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ تیراہ آپریشن کی ذمہ داری صوبائی و وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے، تیراہ میں مقیم مزید خاندانوں کی نقل مکانی روکی جائے، ہر متاثرہ خاندان کی باقاعدہ رجسٹریشن ہو، اس لیے متاثرینِ تیراہ کی مکمل، صاف و شفاف رجسٹریشن یقینی بنائی جائے اور آفریدی اقوام کے ساتھ ناروا سلوک فوری طور پر بند کیا جائے۔ اعلامیہ میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ تیراہ میں مقیم مزید خاندانوں کی نقل مکانی روکی جائے، ہر متاثرہ خاندان کی باقاعدہ رجسٹریشن ہو، سیاسی مداخلت ختم کی جائے اور تمام معاملات متعلقہ حکومتی اداروں کے ذریعے نمٹائے جائیں۔