کراچی (نیوز ڈیسک) صدر ٹرمپ کے اقتدار میں ارب پتی امریکیوں کا ملک چھوڑنے پر سنجیدگی سے غور کرنے لگے، اہم وجوہات میں خارجہ پالیسی، معیشت کے مستقبل پر خدشات اور معیار زندگی بہتر ہونے کی توقع، ممکنہ منزلوں میں کینیڈا سرفہرست، اس کے بعد برطانیہ، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ فوربز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کو ایک سال مکمل ہوتے ہی ایک چونکا دینے والا رجحان سامنے آیا ہے، جہاں ارب پتی امریکی شہریوں کی بڑی تعداد نے امریکہ چھوڑنے کے امکان کو پہلے سے کہیں زیادہ حقیقی قرار دے دیا ہے۔ سرمایہ کاری اور ہجرت سے متعلق مشاورتی ادارے آرٹن کیپیٹل کے سروے میں ایک ہزار امریکی ملینیئرز میں سے 33 فیصد نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد کسی دوسرے ملک منتقل ہونے کے زیادہ خواہاں ہیں۔