اسلام آباد(تنویر ہاشمی)رئیل سٹیٹ سیکٹرکو سنگین آپریشنل اور ریگولیٹری رکاوٹوں کا سامنا ،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے پالیسی ڈائیلاگ اور مستقل فیصلہ سازی کیلئے نیشنل ریئل سٹیٹ کانفرنس کے انعقاد کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا خط لکھ دیا ، انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت اور قومی وژن کے تحت معاشی استحکام اور ترقی کیلئے مسلسل کوششوں کو سراہا ہے اور کہا کہ ریئل سٹیٹ سیکٹر کی بحالی کو قومی اقتصادی ترجیح کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گے ایک خط میں انہوں نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ رئیل سٹیٹ سیکٹر کو ایک صنعت کے طور پر تسلیم کرنے کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں ، سٹرکچرل چیلنجز کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ بنتے ہیں، خاص طور پر کاروبار کرنے کی زیادہ لاگت، ضرورت سے زیادہ ٹیکس، بلند شرح سود، اور توانائی کی قیمتوں نے سرمایہ کاری پر منفی اثرات مرتب کئے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر جو کہ ملک کے سب سے بڑے روزگار پیدا کرنے والے اداروں میں سے ایک ہے، کو سنگین آپریشنل اور ریگولیٹری رکاوٹوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر تقریباً 100سے 150متعلقہ صنعتوں کو سپورٹ کرتا ہے جس میں سیمنٹ، سٹیل، تعمیراتی مواد، ٹرانسپورٹ، مالیاتی خدمات، فن تعمیر، انجینئرنگ، اور ہنر مند لیبر جیسے شعبے شامل ہیں۔