اسلام آباد(رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کی استعداد کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ ان قیمتی پتھروں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے،جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے تمام صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مل کر کام کیا جائے ،انہوں نے اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز انہوں نے اپنی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دورا ن کہی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کیلئے بین الاقوامی شہرت کے حامل متعلقہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔