• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح، فیصل ایوب کھوکھر

لاہور (اپنے نامہ نگارسے) صوبائی وزیر توانائی و کنوینئر ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت لاہور شہر میں برقی تنصیبات، ٹی وی و ڈیٹا کیبل نیٹ ورکس اور عوامی تحفظ سے متعلق سنگین مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ توانائی نے ابتک کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 2912 (250KW) سائٹس میں سے 165 کا تفصیلی سروے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی سائٹس پر کام جاری ہے۔ بریفنگ کے مطابق 1094 بجلی کے کھمبوں کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے 441 کھمبوں کی ارتھنگ غائب پائی گئی جبکہ 77 کھمبے جھکے ہوئے یا خراب حالت میں تھے۔ اسی طرح 468 ٹرانسفارمرز میں سے 234 کی باڈی ارتھ اور 196 کی نیوٹرل ارتھنگ موجود نہیں تھی صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے تاہم مستقبل میں ہر قسم کے حادثات سے بچاؤ یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو کے کھمبوں پر ٹی وی اور ڈیٹا کیبل آپریٹرز کی بے ہنگم تاریں عوامی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔ صوبائی وزیر کو محکمہ توانائی کی زیر نگرانی مختلف ورکنگ گروپس نے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے شاہ عالم مارکیٹ، اچھرہ/فیروز پور روڈ، مون مارکیٹ، لبرٹی مارکیٹ، برکت مارکیٹ اور ٹھوکر نیاز بیگ کو ترجیحی علاقے قرار دیا۔
لاہور سے مزید