پشاور(نیوز رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے بڑے پیمانے پر عوامی دھوکہ دہی اور مالی فراڈ کے ذریعے ساڑھے تین ارب روپے ہتھیانے کے مقدمہ میں مقامی کمپنی کے سی ای او بلال اور ریجنل ڈائریکٹر افتخار کو گرفتار کرلیا ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا عدالت نے گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔نیب کے مطابق یہ گرفتاریاں ان کے ایک میگا مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہیں۔ ملزمان نے رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے نام پر جعلی اور نام نہاد ’حلال‘ منافع کا جھانسہ دے کر معصوم شہریوں سے رقوم وصول کیں جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 3.73 ارب روپے کا نقصان سامنے آ چکا ہے۔ جمع شدہ رقوم کو مشتہر کردہ ہاؤسنگ منصوبوں میں لگانے کے بجائے خورد برد کیا گیا۔