• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پہلا ٹی 20، پاکستان اور آسٹریلیا کیلئے ورلڈ کپ سے قبل دم خم جانچنے کا موقع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کیلئے میگا ایونٹ سے قبل دم خم جانچنے کا بہترین موقع ہے۔ آسٹریلوی ٹیم بدھ کی صبح لاہور پہنچی ۔ مہمان ٹیم کی آمد کے بعد کپتانوں سلمان علی آغا اور مچل مارش نے سیریز کی چمچاتی ٹرافی کی رونمائی کی ۔ اس موقع پر کپتانوں نے پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے ، ٹیم کی ضرورت کے مطابق رن ریٹ کے مطابق کھیلنا ضروری ہے، کوشش کی گئی ہے کہ پچز سری لنکا جیسی بنائی جائیں،کھلاڑی اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلے تو سیریز جیت سکتے ہیں، سیریز ہمارے لیے بہت اچھی ہے، آسٹریلیا کا مائنڈ سیٹ ایک جیسا ہوتا ہے۔ ان کے مین پلیئر نہیں ہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ فہیم اشرف ٹھیک ہے انجری کا مسئلہ نہیں، جب اچھا کھیلتے ہیں تو فینز سر پر بٹھاتے ہیں، جب پرفارم نہیں کریں گے تو ناراض ہونا فینز کا حق ہے۔ آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ شاہین آفریدی اچھے بولر ہیں، جو ہمارے لیے چیلنجنگ ہیں۔ سیریز اچھی ہو گی۔ میں اپنے کھیلنے کے حوالے سے آج رات یا کل فیصلہ کروں گا۔ ہم نے پلان کیا ہے، اسپنرز پر اٹیک کرنے کی کوشش کریں گے، کنڈیشنز چیلنجنگ ہوں گی۔ ہمارے پاس ورلڈ کپ اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی موجود ہیں۔ کوشش کریں گے کہ اس سیریز سے میگا ایونٹ کیلئے اچھی تیاری کریں۔ مچل مارش نے پاکستان میں سردی کو دیکھ کر حیران ہوتے ہوئے کہا کہ اندازہ نہیں تھا پاکستان میں اتنی سردی ہوگی۔ یہاں آنے سے پہلے زیادہ گرم کپڑے نہیں رکھے۔

اسپورٹس سے مزید