• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ میں امریکی بحری و فضائی طاقت کا مظاہرہ

کراچی (رفیق مانگٹ) ایران سے کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ میں امریکی بحری و فضائی طاقت کا مظاہرہ، یو ایس ایس ابراہم لنکن کی قیادت میں امریکی عظیم بحری بیڑہ مشرقِ وسطیٰ پہنچ گیا، مشرقِ وسطیٰ میں 19 مقامات پر 50 ہزار تک امریکی فوجی، بحری و فضائی اڈے مکمل فعال ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ ایک بار پھر عالمی طاقتوں کے عسکری اعصاب کی آزمائش گاہ بنتا جا رہا ہے، جہاں امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اپنی بحری، فضائی اور دفاعی طاقت کو نمایاں طور پر مضبوط کر دیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے مطابق امریکا نے ایک بڑا بحری بیڑہ (Massive Armada) خطے کی جانب روانہ کیا ہے، جس کی قیادت دنیا کے طاقتور ترین طیارہ بردار جہازوں میں شمار ہونے والا یو ایس ایس ابراہم لنکن کر رہا ہے۔ یو ایس ایس ابراہم لنکن ایجس طرز کے کیریئر اسٹرائیک گروپ کے ہمراہ مشرق وسطیٰ کے پانیوں میں داخل ہو چکا ہے، جس میں گائیڈڈ میزائلوں سے لیس جدید تباہ کن جنگی جہاز بھی شامل ہیں۔ یہ بحری بیڑہ نہ صرف سمندر میں بلکہ زمینی اہداف پر بھی گہرائی تک حملہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، امریکی تاریخ کے 16ویں صدر ابراہم لنکن کے نام پر منسوب یہ طیارہ بردار جہاز، جو خانہ جنگی کے دوران قیادت کی علامت سمجھے جاتے ہیں، امریکی عزم اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کی طاقت کی نمائندگی کرتا ہے۔ایک ہزار فٹ سے زائد لمبائی اور ایک لاکھ ٹن سے زیادہ وزن کے ساتھ، یو ایس ایس ابراہم لنکن طیارہ بردار جہاز حقیقی معنوں میں ایک دیوہیکل جنگی پلیٹ فارم ہے۔جس کی لاگت2024 کے مطابق 19 کھرب 10 ارب روپے (6.82 ارب ڈالر) ہے۔یو ایس ایس ابراہم لنکن نِمٹز کلاس کا 5 واں طیارہ بردار جہاز ہے، جس پر مجموعی طور پر 5680 اہلکار اور فضائی عملہ تعینات ہوتا ہے۔ یہ جہاز 1092 فٹ طویل اور 104300 لانگ ٹن وزنی ہے، جو 2 ایٹمی ری ایکٹرز اور 4 بھاپی ٹربائنوں کے ذریعے چلتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید