کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروںشہزاد اقبال، مظہر عباس، محمل سرفراز اور ارشاد بھٹی نے کہا ہے کہ اگر حملہ ہوا تو ایرانی رجیم مزید مضبوط ہوجائے گی۔جب ٹرمپ کہہ چکے تھے کہ ہم نے ایرانی نیوکلیئر صلاحیت ختم کر دی ہے تو اب حملہ کس لئے کرنا چاہتے ہیں؟۔ وہ جیو نیوز پروگرام ”رپورٹ کارڈ‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کی میزبان علینہ فاروق کے سوال کہ کیا امریکہ کی ایران پر دباؤ کی حکمت عملی مذاکرات کے لئے گنجائش نکال پائے گی؟ کے جواب میں تجزیہ کارشہزاداقبال نے کہا کہ ٹرمپ کے لئے کوئی بھی پیشگوئی کرنا بہت مشکل ہے دونوں طرح کے فیصلوں کی مثالیں کئی دفعہ سامنے آچکی ہیں۔جبکہ ایران بار بار یہ پیشکش کر رہا ہے کہ ہم جوہری ہتھیاروں سمیت بات کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ امریکہ کے مڈٹرم الیکشن قریب ہیں اور ٹرمپ کی پارٹی کی پوزیشن بظاہر بہت کمزور ہے تاہم جو بھی ٹرمپ کر رہے ہیں اس میں نیتن یاہو کی مرضی بھی سو فیصد شامل ہے۔