اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے جسٹس کمیٹی اجلاس میں اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل اور جیل سٹاف کی تعیناتی سمیت دیگر انتظامی امور 30جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی تاکہ یکم جولائی 2026 سے قیدیوں کی سنٹرل جیل اڈیالہ سے اسلام آباد ماڈل جیل منتقلی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ جسٹس کمیٹی اجلاس کے دوران اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ ضلعی عدلیہ کے ججز مقدمات کا فوری فیصلہ کریں تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے عدالتوں اور ججز کی رہائش گاہوں پر حفاظتی اقدامات کی مسلسل نگرانی جبکہ جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامی صورت حال کے لئے ایمرجنسی ایگزٹ اور الارم سسٹم کی تنصیب کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔