کراچی (رفیق مانگٹ)بنگلہ دیش کے ٹی20 ورلڈ کپ بائیکاٹ سے عالمی کرکٹ میں ہلچل، بھارت کی 2036 اولمپکس میزبانی کی بولی خطرے میں، تنازع نے امیدوں پر سوالیہ نشان لگا دیا، پاکستان کا بھی ممکنہ بائیکاٹ پر غور، بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کا امکان،اولمپکس کی بولی میں بھارت بمقابلہ قطر کی دوڑ،آئی سی سی کی غیرجانبداری پر سوالات، ماضی کے فیصلے بھارت کے حق میں ہونے کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے مینز ٹی20 ورلڈ کپ سے دستبرداری نے نہ صرف عالمی کرکٹ میں ہلچل مچا دی ہے بلکہ بھارت کی 2036 اولمپکس کی میزبانی کی امیدوں پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے، جہاں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اندر کھیل میں سیاست کے ممکنہ اثرات پر سنجیدہ تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔بنگلہ دیش نے اعلان کیا کہ وہ اگلے ماہ ہونے والے مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا، جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ان کی یہ درخواست مسترد کر دی کہ ان کے گروپ میچز بھارت کے بجائے شریک میزبان سری لنکا منتقل کیے جائیں۔