اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وفاقی بیورو کریسی میں سول و پولیس افسران کی تعیناتی میں توسیع، ترقیوں اور تبادلوں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاپولیشن اسٹڈیز (نپس) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سیکر ٹیریٹ گروپ کی گریڈ22 کی افسر مسز ثمینہ اے حسن کی ڈیپوٹیشن میں مزید 9 ماہ اور 11 دن کی توسیع کر دی گئی ہے، جو 9 مارچ 2026 سے مؤثر ہو گی، گریڈ 22 کی افسر مسز ثمینہ اے حسن 20 دسمبر 2026کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوں گی۔ پولیس سروس آف پاکستان کے افسران بیدار بختیار اور طلال احمد شاہ کو گریڈ 18 میں ترقی دے دی گئی ہے، جبکہ دونوں افسران کو موجودہ تعیناتی کے مقام بلوچستان حکومت میں ہی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، دریں اثناء، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 3 افسران فہد اعجاز، سارہ زینب اور داؤد سلیمی کو گریڈ 18 میں ترقی دے دی گئی ہے۔ فہد اعجاز کا تبادلہ سندھ سے پنجاب حکومت جبکہ سارہ زینب کا تبادلہ خیبر پختونخوا سے پنجاب حکومت کیا گیا ہے، جبکہ داؤد سلیمی کو خیبر پختونخوا حکومت میں خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔