کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے ویزہ فراڈ ، مائیگرنٹ اسمگلنگ ،کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث لیسکو اہلکار اور گندم کی خرد برد میں ملوث ملزمان سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لاہور زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں اشتہاری محمد عبید اور محمد ارحم شامل ہیں۔ ملزمان کو راولپنڈی اور لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شہریوں کو آسٹریلیا اور پرتگال ملازمت ویزہ کا جھانسہ دے کر 92 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے۔ایف آئی اے ملتان زون نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں محمد ایوب اور جمشید شامل ہیں۔ملزمان کو ملتان اور ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان نے شہریوں کو عمان اور سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر 10 لاکھ 83 ہزار روپے بٹورے ۔ایف آئی اے فیصل آباد زون نے ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث ملزم قمر زمان کو ساہیوال سے گرفتار کر لیا۔ملزم نے شہری کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 54 لاکھ روپے ہتھیائے۔ملزم ایف آئی اے حکام کو اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر لائسنس فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث لیسکو اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ملزم محمد اقبال بھٹی لیسکو سب ڈویژن آفس راوی روڈ میں بطور لائن سپرنٹینڈنٹ تعینات تھا۔ملزم کو شکایت کنندہ سے 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے فیصل آباد زون نے پاسکو گودام سے گندم کی خرد برد میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں آڑھتی جعفر علی وٹو اور رجب علی وٹو شامل ہیں۔ ملزمان کو تاندلیانوالا سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان سے سرکاری گندم کی غیر قانونی خرید وفروخت کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔