• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرکول انڈر گراؤنڈ گیسی فکیشن منصوبہ، کروڑوں کی مشینری چوری ہونے کا اسکینڈل بے نقاب

تھرپارکر(رپورٹ:عبدالغنی بجیر)تھرکول انڈرگرائونڈگیسی فکیشن منصوبے میں کروڑوں روپے کی مشینری چوری ہونے کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، وزیرِ اعلیٰ معائنہ ٹیم کی رپورٹ میں اہم انکشافات۔ سندھ کول اتھارٹی کے افسران اور پولیس اہلکاروں کو براہِ راست ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر رپورٹ سامنے آئے 7 ماہ گزر چکے ہیں، لیکن اب تک نہ تو کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کسی افسر کو عہدے سے ہٹایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 27جون 2025 کو وزیرِ اعلیٰ سندھ معائنہ ٹیم کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق، 2018 میں بند ہونے والے اس اہم منصوبے کے اثاثے جو سندھ کول اتھارٹی کی تحویل میں تھے، وہاں سے قیمتی مشینری غائب تین سے چار سالوں کے دوران غائب کر دی گئی۔ چوری شدہ مال میں نہ صرف بجلی گھر کی بھاری مشینری شامل ہے بلکہ لگزری گاڑیوں کے پارٹس بھی نکال لیے گئے۔ ایس ایس پی تھرپارکر نے دو روز قبل اس رپورٹ اور سندھ کول اتھارٹی کو جوابی خط میں لکھا ہے کہ جب پولیس اہلکار خود چوری میں ملوث ہوں تو پولیس شفاف تفتیش کیسے کر سکتی ہے؟ ایس ایس پی نے اپنے جوابی خط میں مشورہ دیا ہے کہ سندھ کول اتھارٹی خود مدعی بن کر اینٹی کرپشن میرپورخاص میں مقدمہ درج کرائے، جس میں پولیس مکمل تعاون کرے گی۔اس ضمن جنگ کی جانب سے ڈی جی سندھ کول اتھارٹی محمد اسلم سومرو سے بار بار فون پر رابطے کی کوشش کی گئی اور میسج بھی بھیجا کیا مگر انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔
اہم خبریں سے مزید