اسلام آباد (ساجد چوہدری ) انتہائی عوامی اہمیت کے حامل راولپنڈی کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے سمیت تینوں ملحقہ جناح پارک اور افتخار جنجوعہ انڈر پاسز و فلائی اوورز منصوبوں کا 53فیصد کام مکمل کر لیا گیا ،یہ کام صرف 89دنوں میں مکمل کیا گیا ہے ،تین نومبر 2025 کو منصوبوں پر کام شروع کیا گیا تھا اور، تینوں منصوبے 30اپریل کو مکمل ہونگے ، ہائی وے پنجاب راولپنڈی آفس کے حکام نے جنگ کو بتایا کہ کچہری چوک سے ملحقہ تینوں منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے ، ان تینوں منصوبوں پر 89دنوں میں50فیصد کام مکمل کیا گیا ہے ، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف ان تینوں منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور انہوں نے کچہری ری ماڈلنگ منصوبے سمیت تینوں ملحقہ جناح پارک اور افتخار جنجوعہ انڈر پاسز و فلائی اوورز منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں ، محکمہ ہائی وے پنجاب حکام کے مطابق افتخار جنجوعہ روڈ کی سو فیصد پائلز مکمل کی جا چکی ہیں جن کی تعداد 840ہے ، سو فیصد ڈیک سلیب جبکہ 80فیصد این جے بیریئر کا کام مکمل ہو چکا ہے ، 91فیصد ریٹیننگ وال، ایکس سی انڈر پاس کا 35فیصد ، بائونڈری وال کا 90فیصد، ڈرین کا 98 فیصد اور پلستر کا 12فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ، افتخار جنجوعہ چوک انڈر پاس کا پائلز ، پائلز کیپ ، پیئرز، ابٹمنٹ کا سو فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ، کاسٹ ان سیٹو گرڈرز کا پچاس فیصد ، ریٹینگ وال کا 94فیصد ، ایکس سی انڈر پاس کا 72فیصد کام مکمل کر لیا گیا جبکہ تینوں منصوبوں کے باقی حصوں پر کام جاری ہے ۔