کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے صوبائی وزیر بورڈ آف ریونیو میر عاصم کرد گیلو نے جھالاوان ہاوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے سیاسی و انتظامی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے محکمہ بلدیات کو فعال اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے پر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کی کاوشوں کو سراہا صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ محدود وسائل اور انتہائی قلیل بجٹ کے باوجود عوامی فلاحی منصوبوں کو تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ مرحلے میں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے مزید عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔