• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کراچی کا فوری فیصلہ کریں، گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے زیرِ اہتمام شہدائے گل پلازہ کے اہل خانہ اور لواحقین کی داد رسی کے لئے گورنر ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کراچی کا فوری فیصلہ کریں ، گل پلازہ میں آگ لگتی رہی مگر بروقت کارروائی نہ کی گئی اس شدید غفلت کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حادثے کے بعد صرف پیسے دینا کافی نہیں، بلکہ جانیں بچانے کے لئے مؤثر نظام ہونا چاہئے، لیکن کراچی میں یہ نظام مؤثر طور پر کام نہیں کر رہا،کراچی ملک کو تقریباً 70 فیصد ٹیکس دیتا ہے، مگر شہر پر خرچ ہوتا نظر نہیں آتا ۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لئے فوری فیصلہ کریں کیونکہ شہر تباہی کی طرف جا رہا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہر شہید کے گھر جائیں گے اور متاثرہ خاندانوں کو پلاٹس فراہم کئے جائیں گے تاکہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں ساتھ کھڑا رہا جا سکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ کے ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا اور علاقے کے یوسی اور ٹاؤن ناظمین کی نااہلی بھی اس سانحہ میں شامل ہے۔کے پی کے وزیر اعلیٰ کے کراچی سے متعلق بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اگر کراچی سب کا ہے تو سانحہ گل پلازہ کے لواحقین کے لئے کیا اقدامات کئے گئے؟بلوچستان میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ اس کے پیچھے بھارتی اسپانسرڈ عناصر ہیں اور پاکستان دشمن ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دشمن عناصر کے خلاف مستقل کارروائی جاری رکھے گی اور بھارت سمیت کسی بھی ملک کے پاکستان مخالف اقدامات برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چھیڑو گے تو ہم تمہیں چھوڑیں گے نہیں، ہم تمھاری نسلیں تباہ کردیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی جو کہ ایک انتہا پسند ہندو ہے اگر بلوچستان میں میرے کسی بھائی یا بہن کا خون یا بچوں کا خون بہے گا تو خدا کی قسم ہم تمہاری نسلوں کو تباہ کر دیں گے، اگر کسی بھی شخص کو بھارتی ایجنٹس نے دہشتگردی کا نشانہ بنایا تو خدا کی قسم ہم تمہارے ملک میں گھس کے تمہیں ماریں گے ، اب افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کے یہ کراچی کے غیور جوان جو بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں تمہیں نہیں بخشیں گےآخر میں گورنر سندھ نے عوام کے دلوں کے گورنر بننے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عہدے کا کوئی شوق نہیں، لیکن عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ایم کیوایم پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ، سیلانی ویلفیئر کے روح رواں بشیر فاروقی، جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس، زبیر موتی والا اور جاوید بلوانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید