کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا کو دبنگ انداز میں چاروں خانے چت کرتے ہوئے تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بھی با آسانی111 رنز سے جیت لیا اور سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا۔207 کے جواب میں کینگروز ٹیم صرف 96رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے چھ دن قبل پاکستان نے بہترین بیٹنگ، شاندار بولنگ اور غیر معمولی فیلڈنگ کی بدولت دنیا کی بہترین ٹیم کو یکطرفہ انداز میں آئوٹ کلاس کردیا۔ 2018کے بعد پہلا موقع ہے جب پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ مکمل کیا۔ دو سال قبل آسٹریلیا نے ہوم گرائونڈ پر پاکستان کے خلاف تینوں میچ جیتے تھے۔ گذشتہ سال پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہوم گرائونڈ پر تین صفر سے شکست دی تھی۔ اسپنر محمد نواز نے کیریئر کی بہترین بولنگ کی اور 18رنز دے کر پانچ شکار کیے۔ صائم ایوب، بابر اعظم اور شاداب خان نے بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شاہین نے تین اوورز کے اسپیل میں 16رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی اننگز کا آغاز ایک بار پھر تباہ کن انداز میں ہوا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں مچل مارش کو ایک رن پر بولڈ کردیا۔ میتھیو شارٹ دو رنز بناکر محمد نواز کی وکٹ بنے ۔ سیریز میں بابر اعظم نے چھٹا کیچ لیا۔ میٹ رنشاء کو بھی شاہین آفریدی نے بولڈ کردیا۔ پاور پلے میں آسٹریلیا نے تین وکٹ پر41رنز بنائے تھے۔ مارکوس اسٹونیئس 22گیندوں پر23 اور کیمرون گرین24 گیندوں پر22 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دس اوورز میں63رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ جوش فلپ14رنز بناکر نواز کی گیند پر کیچ ہوئے۔ اسی اوور میں کونلے اسٹپمڈ ہوئے۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں مسلسل تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹ پر 207 رنز بنائے۔ پاکستان نے پہلی بار اس فارمیٹ میں 200 رنز کا ہندسہ عبور کیا ۔ شاداب خان نے 19 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے دھواں دھار 46 رنز بٹورے۔ صائم 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہوں نے37گیندوں کا سامنا کیا، دو چھکے اور چھ چوکے لگائے جبکہ بابر اعظم اپنے مخصوص انداز میں 36 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔ عثمان خان کی جگہ ٹیم میں آنے والے خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 21 رنزدو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ فخر زمان ، صاحبزادہ فرحان کی جگہ اوپننگ کرنے آئے اور دس رنز بناسکے۔ سلمان آغا پانچ، محمد نواز پانچ اور فہیم اشرف نے دس ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ بین دوارشوئس نے 2، میتھیو کوہنمان، میتھیو شورٹ، کوپر کونلی اور کیمرون گرین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے پہلاٹی ٹوئنٹی 22 رنز اور دوسرا 90 رنز سے اپنے نام کیا تھا ۔