کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستانی حکومت کی جانب سے ٹی 20ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کے بعد رات گئے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا ردعمل آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت کا یہ فیصلہ پاکستان کے لاکھوں مداحوں سمیت دنیا بھر کے کروڑوں شائقین اور عالمی کرکٹ کے مفادمیں نہیں ‘ پی سی بی اس فیصلے کے ملکی اور عالمی سطح پر ممکنہ طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرے‘امیدہے کہپی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کریگا‘اس فیصلے کا عالمی کرکٹ کے ایکوسسٹم پر بھی اثر پڑے گا جس کا وہ خود بھی رکن اور فائدہ اٹھانے والاممبر ہے۔قومی پالیسی میں حکومتی کردار کا آئی سی سی احترام کرتی ہے مگر یہ فیصلہ عالمی مقابلوں کے بنیادی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا ‘عالمی مقابلوں میں توقع کی جاتی ہے کہ تمام ٹیمیں شیڈول کے مطابق یکساں شرائط پر کھیلیں‘۔اتوار کی شب آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ سب سے اہم یہ بات ہےیہ فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے، آئی سی سی کی ترجیح آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے ‘یہ ذمہ داری تمام بورڈ اراکین اور پی سی بی کی بھی ہے۔