• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی آج ملاقات کا امکان

اسلام اآباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان آج ایک اہم اور غیر معمولی ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا، ذرائع بتاتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے، مزید برآں ملاقات میں خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع تیراہ میں جاری آپریشن اور اس کے نتیجے میں مقامی آبادی کی ممکنہ نقل مکانی پر بھی گفتگو کی جائے گی، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی، جسے سیاسی اور انتظامی حلقوں میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے، یہاں پہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس آنے سے انکار کی خبریں بھی رپورٹ ہوئی ہیں، اس تناظر میں آج ہونے والی ملاقات کو وفاقی، پارلیمانی و دیگر سیاسی حلقوں میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے، ملاقات کے نتائج صوبے اور وفاق کے تعلقات کے تناظر میں اہم سمجھے جا رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید