• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریند الائنس کے ملازمین کی گرفتاریاں اور تشدد قابل مذمت ہے، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ(آن لائن)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی ضلعی کمیٹی کا ماہانہ اجلاس سینئر معاون سیکریٹری ندا سنگر کی زیرِ صدارت پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، ضلع ایگزیکٹو اور ضلعی کمیٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی کو نچلی سطح تک مزید منظم کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اور موثر آواز بلند کی جائے گی۔ اجلاس کے شرکا نے اس بات پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا کہ گرینڈ الائنس کے ملازمین کے پرامن احتجاج کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے، انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس نے اس طرزِ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری اور آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ اور یہ واضح کیا گیا کہ تنخواہوں میں یکسانیت اور مراعات کی منصفانہ تقسیم ملازمین کا بنیادی حق ہے۔ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو برابری، انصاف اور انسانی وقار کی ضمانت دیتا ہے۔ ایسے میں تعلیم یافتہ اور باشعور ملازمین پر تشدد اور گرفتاریوں کا سلسلہ آئینی اصولوں، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے منافی ہے۔اجلاس میں صوبائی حکومت کو خبردار کیا گیا کہ وہ طاقت کے استعمال کی پالیسی ترک کرے اور فوری طور پر گرینڈ الائنس کے نمائندوں سے بامعنی مذاکرات شروع کرے۔ گرفتار ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے، ان کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جائیں اور ان کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے تسلیم کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید