کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کو حکومت کا سخت اور ضروری فیصلہ قرار دیا ہے۔ محمد یوسف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ہماری حکومت کا سخت لیکن ضروری مؤقف ہے۔ اصول تجارتی مفادات سے پہلے ہونے چاہئیں اور عالمی کرکٹ میں جانبدارانہ اثر و رسوخ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کھیل کو حقیقی معنوں میں عالمی بنایا جائے۔ ہم فخر کے ساتھ کھیلتے ہیں لیکن ہم کھیلوں میں برابری اور انصاف کے لیے بھی کھڑے ہیں۔