• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر الیکٹرانک مارکیٹ کی عمارت میں خوفناک آگ، متعدد گاڑیاں جل گئیں، عمارت سے دھماکوں کی آوازیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدرالنجیبی الیکٹرانک مارکیٹ کی عمارت کے ساتویں منزل پر واقع پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں آگ کے باعث عمارت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں جس سے عمارت اور اطراف میں موجود لوگو ں میں خوف و ہراس پھیل گیا، بھگدڑ مچ گئی ،صدر اور ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ،لوگ گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے ،واقعے کے بعد میئر کراچی ،ایس ایس پی سائوتھ بہروز علی اور ڈی سی ساؤتھ بھی موقع پر پہنچ گئے ،فائر بریگیڈ حکام نے موقع پر پہنچ کر طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،تفصیلات کے مطابق صدر النجیبی الیکٹرانک مارکیٹ کی عمارت کے ساتویں منزل پر پیر کی شب تقریبا ساڑھے 7 بجے اچانک آگ بھڑک جو دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوتی چلی گئی اور خوف ناک شکل اختیار کرگئی ،آگ کے کے شعلے دور سے دکھائی دے رہے تھے ، آتشزدگی کے باعث عمارت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں ،جس کے باعث عمارت میں واقع آفسز میں موجود افراد عمارت سے باہر نکلنے کے لئےدوڑنے لگے،لوگ عمارت کے دفاتر میں موجود اپنے پیاروں کو فون پر آگ کی اطلاع دیتے ہوئے دیکھائی دئے اور فوری طور پر عمارت سے باہر نکلنے کا کہتے رہے،آگ کے بلند ہوتے شعلوں کو دیکھ کر سڑک پر لوگوں نے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرکے موبائل سے ویڈیوز بنانا شروع کردی ،سڑکوں پر موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی ہونے کے باعث صدر اور ملحقہ سڑکوں کو بدترین ٹریفک جام ہوگیا ،آگ کی اطلاع پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پرپہنچ کر سڑک سے گاڑیوں کو ہٹا کر متبادل روٹس کی جانب روانہ کیا اور سڑک کو خالی کرکے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید