• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بڑی شاہراہوں پر دھرنوں اور احتجاج پر سختی ہوگی، وزیر اعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ، بڑی شاہراہوں پر دھرنوں اور احتجاج پر سختی کی جائیگی، حافظ نعیم اپنے حلقے کے عوام کا خیال کریں یا پھر سندھ اسمبلی کی سیٹ چھوڑ دیں،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا ردعمل۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شارع فیصل سمیت شہر کی اہم شاہراہوں کی بندش برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔ جماعت اسلامی کے گزشتہ روز احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جس کو قابض ٹولہ کہتے ہیں وہ عوام کے ووٹوں سے آیا ہے۔ حیرت ہوتی ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی تشہیر کی جا رہی ہے، اعتراض ان پر ہے جو اس سانحے کو سیاست کے لئے استعمال کر رہے ہیں، حکومت سانحہ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ سانحے کے بعد حکومت سندھ نے متاثرہ افراد کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا تھا، ہم نے 26 گھروں میں جاکر لوگوں چیک دیے لیکن میڈیا کو ساتھ لیکر نہیں گئے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی سندھ نے صوبے میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے پیر کو چنیسر گوٹھ میں واقع گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکول میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر صوبہ بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ یہ ہفتہ بھر جاری رہنے والی مہم 2 فروری سے 8 فروری تک صوبے بھر میں چلائی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید