کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلوی اسٹیواسمتھ پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں ہوں گے۔ نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کا اسٹیو اسمتھ سے معاہدہ ہوگیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ قیادت کریں گے۔ منگل کوسیالکوٹ اسٹالینز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ویڈیو میں پوسٹ کرکے اسٹیو اسمتھ سے معاہدے کا اعلان کیا۔ آسٹریلوی بیٹر کو ڈائریکٹ سائن کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ اسٹالینز کو او زی گروپ نے گزشتہ ماہ ہونے والی نیلامی کی تقریب میں ایک ارب 85 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈنے بھارتی ریجن کیلئے پی ایس ایل کے براڈکاسٹ رائٹس فروخت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس طرح بھارتی شائقین پی ایس ایل میچ نہیں دیکھ سکیں گے۔ دوسری جانب سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیسٹ کرکٹر سعود شکیل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی نہیں کریں گے ،انہیں انتظامیہ نے ریلیز کردیا ہے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں کپتان شاہین آفریدی کو ری ٹین جبکہ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر حارث رئوف کو ریلیز کردیا ہے۔ ڈائمنڈ کٹیگری میں عبداللہ شفیق، گولڈ میں سکندر رضا اور سلور میں محمد نعیم کو ری ٹین کیا ہے۔ ڈائمنڈ کیٹیگری سے سلمان مرزا گولڈ سے زمان خان جہانداد خان آصف آفریدی اور آصف علی کو ریلیز کیا گیا ہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم میں ابرار احمد، ڈائمنڈ کیٹگری میں عثمان طارق، گولڈ میں حسن نواز اور ایمرجنگ میں شامل حسین کو ری ٹین جبکہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو پلاٹینم سے ریلیز کر دیاہے۔ پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کو ریٹین کرکے صائم ایوب کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دونوں پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ فرنچائزز ہر کیٹیگری میں صرف ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان پلاٹینم ، سلمان ارشاد گولڈ اور آندریس گوس کو سلور میں ری ٹین کیا ہے۔ نسیم شاہ ، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، محمد نواز اور عماد وسیم کو پلاٹینم ، اعظم خان ،حیدر علی اور رومان رئیس کو گولڈ ، محمد فائق اور حنین شاہ کو سلور کیٹگری سے ریلیز کیا گیا ہے۔