• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں ریبیز کی سنگین صورتحال، ایک ہفتے میں دوسری ہلاکت

کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں ریبیز سے ایک ہفتے میں دوسری ہلاکت رپورٹ ہو گئی ہے جبکہ ایک ماہ کے دوران ہزاروں افراد آوارہ کتوں کے کاٹنے کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے جس نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ تازہ واقعے میں گلشنِ معمار کا رہائشی 42 سالہ کرامت کتے کے کاٹے کے بعد ریبیز میں مبتلا ہو کر جناح اسپتال کراچی میں انتقال کر گیا۔ اسپتال حکام کے مطابق کرامت کو تقریباً تین ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، اسے 8 جنوری کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 9 جنوری کو دم توڑ گیا۔ اس سے قبل 27 جنوری کو ضلع سانگھڑ کے علاقے جھول سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی ریبیز کے باعث انڈس اسپتال کراچی میں انتقال کر گئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے صرف دو بڑے اسپتالوں، جناح اور انڈس، میں ریبیز سے 18 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے بھر میں کتے کے کاٹے کے 2 لاکھ 84 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ماہرین کے مطابق رپورٹ نہ ہونے والے کیسز اور اموات اس کے علاوہ ہیں۔ سندھ میں آوارہ کتوں کے کاٹے اور ریبیز کی بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پہلے 21 دسمبر 2025 اور پھر 3 فروری 2026 کو ریبیز کنٹرول پروگرام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس بھی ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید