• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو نیوز ”کیپٹل ٹاک“ بلوچستان میں اسرائیلی مداخلت کے ثبوت پیش

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز ”کیپٹل ٹاک“ بلوچستان میں اسرائیلی مداخلت کے ثبوت پیش، نوابزادہ زرین مگسی، کامران مرتضی اور کہدہ بابر کا میزبان حامد میر کے تجزیئے سے اتفاق، بلوچستان سے متعلق قرارداد پاس تو کر دی گئی عملدرآمد کب ہوگا، پروگرام میں سوال۔تفصیلات کے مطابق پروگرام میں میزبان حامد میر نے ٹھوس دستاویزی ثبوت پیش کئے کہ اسرائیل بلوچستان کے راستے ایران میں مداخلت کرنا چاہتا ہے جس پر زرین مگسی، کامران مرتضی اور کہدہ بابر نے حامد میر کے تجزیئے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ساتھ ساتھ اسرائیل بھی ملوث ہے۔رکن بلوچستان اسمبلی مسلم لیگ نون نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ یہ واقعہ سب کے لئے ناقابل قبول ہے اور ہم ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھتے ہوں ہمیں اس دہشت گردی کی وبا پر متفقہ طور پر اسٹینڈ لینے کی ضرورت ہے۔ اب تک دو سو دہشت گرد مارے گئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سول اور ملٹری سائیڈ ایک پیج پر کھڑے ہیں۔ اس واقعہ میں جو اسلحہ استعمال ہوا اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بیرونی عناصر سے یہ معاملات جڑے ہوئے ہیں۔ آج جو قرارداد پاس ہوئی ہے کافی پہلے ہوجانی چاہئے تھی بہرحال دیر آئے درست آئے۔ زرین خان مگسی نے مزید کہا کہ سویلین بڑی تعداد میں شہید ہو رہے ہیں اوریہ باتیں واضح کر رہی ہیں کہ یہ حقوق کی جنگ نہیں ہے یہ بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔کافی لوگ اپنے حلقہ میں جا کر عوام سے بات کرتے ہیں ۔ میں اپنے نوجوانوں سے اکثر یہ سوال کرتا ہوں کہ ہزار بارہ سو لوگوں سے کچھ ہوسکتا ہے اور ہم بلوچستان کو کیا دے رہے ہیں۔ سینئر نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی کہدہ بابر نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق قرارداد پاس تو کر دی گئی ہے مسئلہ یہ ہے کہ عملدرآمد کب ہوگا جن نوجوانوں کو بیرونی عناصر استعمال کر رہے ہیں ان کو چھوڑ بھی دیں تو جو نوجوان ابھی تک نہیں بھٹکے ہیں ان کے لئے صوبائی حکومت یا وفاقی حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید