• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

13 برس میں ترقی کیوں نہیں ہوئی، طالبہ کا وزیراعلیٰ KP سے دلیرانہ مکالمہ

پشاور (این این آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے تقریب کے دوران طالبہ کا دلچسپ اوردلیرانہ مکالمہ ہوا۔ طالبہ نے سوال کیا جعلی حکومتیں ترقی کر رہی ہیں‘ کے پی اصلی حکومت میں بھی13سال سے کیوں پسماندہ ہو رہا ہے؟ ترقی کیوں نہیں ہوئی ‘ آپ ادھر اْدھر کی باتیں کر رہے ہیں، بتائیں صوبے کو کیا دیا؟سہیل آفریدی نے طالبہ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا تعلق ضرور اے این پی یا کسی دوسری پارٹی سے ہو گا‘ پشاور میں ترقی آرہی ہے، 200 ارب روپے کی اسکیمیں لے کر آرہے ہیں، قبائلی اضلاع میں ایک ہزار ارب روپے خرچ ہوں گے۔طالبہ نے کہا کہ جتنی بھی ترقی ہوئی ہے، ایم پی اے اور ایم این اے کے گھروں میں ہوئی، صوبے میں جو کرپشن ہوئی ہے‘ اس پر کیا ایکشن لیا؟ دوسرے صوبوں سے ہمارے صوبے کا موازنہ کیا جائے کہ ہم نے کتنی ترقی کی ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے صوبے کے نوجوانوں کو سوال کرنے کا شعور دیا، یہ شعور دیا کہ ایک بہن مجھ سے میری پالیسی پر سوال کر رہی ہیں، اے این پی کے دور میں بم دھماکے ہوتے تھے‘ان کے دور میں نشتر ہال بند تھا، ہم نے کھول دیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں لوگ اسکولوں میں جانور باندھتے ہیں، سندھ میں آج بھی اسپتالوں میں کتے گھوم رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید