• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھاری نقصان کا خوف، آئی سی سی پاکستان کی ناز برداری پر مجبور، بیک چینل سے رابطے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی حکومت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان کے بھارت سے کھیلنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھاری مالی نقصان کا اندیشہ ہے ۔ کرکٹ کی عالمی تنظیم پاکستان کی ناز برداری پر مجبور اور اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہے۔ براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے رابطہ کرکے اربوں روپے کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے کہا ہے۔غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عامر میر سے پوچھا کہ کیا ٹورنامنٹ کے اگلے مراحل کے دوران بھی پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرے گی تو ان کا کہنا تھا اس کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا اور یہ فیصلہ پی سی بی نہیں، حکومت کرے گی۔ دوسری جانب کہا جارہا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر پاکستان سے بیک چینل بات چیت کرے گا، آئی سی سی نے سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو بات چیت کی ذمے داری دی ہے۔ انہیں کو پی سی بی کو کھیلنے پر آمادہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ آئی سی سی پاکستان کو پرکشش مالی پیشکش کرکے راضی کرنے کی کوشش کرے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عمران خواجہ کو موجودہ صورتِ حال میں’’ پیس میکر‘‘ کا کردار ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اتوار کو 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو تاحال باضابطہ طور اپنے پلیٹ فارم سے آگاہ کرنے کی کارروائی مکمل نہیں کی ہے۔

اسپورٹس سے مزید