کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر فیروز خان نے کہا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب وزیراعظم کی فکر چھوڑیں اپنی ناقص کارکردگی کو بہتر ، گیدڑ بھپکیوں سے اجتناب کریں، اراکین بلدیہ عظمٰی کراچی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کی جانب سے میئر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے اور جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر کے رابطے پر مسلم لیگ کے چیئرمین و کونسلرز کو اعتماد میں لیا گیا اور نئی صورتحال پر غور کیا گیا، صدارتی خطاب میں فیروز خان نے کہا کہ میئر کراچی مرتضی وہاب کے ماتحت کے ایم سی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ، کراچی موجودہ نظام کے تحت نہیں چل سکتا ،میئر کو ہوش کے ناخن لینے چا ہئیں ، عوام کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جو کراچی کے عوام کے لیے بہتر ہوگا ہم اس عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیں گے، ہمارا میئر سے اختلاف اصولی بنیادوں پر ہے ہم نے کئی بار میئر کو کراچی کے مسائل کی نشان دہی کی اور واٹر بورڈ کی نا اہلی سےآگاہ کیا لیکن سب اچھا کی نوید سنانا میئر کا پسندیدہ مشغلہ ہے لہذا ہم میئر کے غلط کاموں کے حصے دار بننے کے لیے تیار نہیں،میئر کراچی سے ہمارے شدید اختلافات ہیں مسلم لیگ کے تمام چیئرمین وکونسلرز عوامی مفاد میں کیے گئے ہر فیصلے کے ساتھ ہوں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ن لیگ کے ارکان کی تعداد 13 ہے۔